فوادعالم کیا نام بدل لیں ؟

فوادعالم کیا نام بدل لیں ؟
سورس: File

تحریر:عمران احمد مانی

اس کو چھٹی نہ ملی جس نے سبق یاد کیا ! مگر یہاں تو ماجرہ کچھ مختلف ہے،چھٹی اسی کی ہوگئی جس نے یاد ہی  نہیں دوسروں کوسبق پڑھابھی دیا،

ذرا آگے بڑھتےہیں،قربانی عید پر ہونا تھی،مگر"چھری" بعد میں چلی  ،آخر یہ کیا ماجرہ ہے ؟؟؟

چلیں دائیں بائیں خوب کھیل لیا ،کیوں نہ  سیدھے بلے سے کھیلاجائے،،

تو جناب سیدھی اور کھری بات! فواد عالم ایک بار پھر"نااہل "قرارپائے ۔

منیجمنٹ کو آخر اتنی جلدی کیاتھی؟تھوڑا انتظار تو کیا ہوتا،ٹیم میں واپسی کے لیے بھی فواد عالم کو  10سال تڑپایاگیا، نکالتے ہوئے،تھوڑا "موقع موقع " ہی کھیل لیتے ،،

کم از کم دویا تین سیریز تو صبر کیاہوتا،،شایدڈر تھا کہ کہیں فواد کی فارم واپس نہ آجائے،،بیٹ پھرسے چل پڑا تو  اپنی نہیں چلے گی،

کہیں ایسا تو نہیں کہ سرکاری دفاتر  میں جلنے والے ریکارڈ کی طرح فواد عالم کاریکارڈ بھی "خاک ہوگیا" ؟؟

یہ وہی فواد عالم ہیں جنہیں ڈیبیو میں 168 رنز کی اننگزکھیل  ٹیسٹ کرکٹ سے دس سالہ جدائی بھگتنا پڑی،

لہٰذا مسلسل پرفارمنس پر مستقل ٹیم میں رہنا شاید فواد کے شایان شان نہیں ،یا، انہیں مستقل کھلانا 

آپ کو زیب نہیں دیتا،،بہرحال "آپ"جنگل کےبادشاہ ہیں،سیاہ کریں ،سفید کریں ! 

مگر یہ توبتائیں  آخر یہ "ٹچ"کونسا تھا؟؟

یہ "سازش " تھی یا "مداخلت"؟

فواد کونکالنے کی "رولنگ "کس نے دی ؟؟

کیا اس رولنگ کےخلاف بھی اپیل ہوسکتی ہے ؟   

جیسے سرکار کےپاس مہنگائی کاجواز ہے ،اسی طرح آپ بھی "دل پرپتھر"رکھ کر تو فیصلہ نہیں کربیٹھے؟؟

دس سال انتطارکےبعد2020میں فوادعالم  کو "این آراو "ملا،ان پرپھر سے ٹیم کےدروازے کھلے،،

واپسی سے آسٹریلیا کےخلاف سیریز تک فواد عالم نے بارہ میچز میں 703رنز50 کی اوسط سے بنائے،

اس دوران چارسنچریاں اوردونصف سنچریاں اسکورکیں،،اس میں سے 3  سنچریاں ایسے موقع پربنائیں،

جب آؤٹ ہونےوالے "بارودی  سرنگیں "بچھاگئے،یعنی حالات بڑےنازک تھے،،

آسٹریلیا کےخلاف سیریز تک فوادعالم کا بیٹنگ ایوریج ٹیم  کےدیگرتمام کھلاڑیوں  سےبہتررہا،،

بس  دومیچز میں ناکام کیا ہوئے،شامت آئی،منجمنٹ نے پل بھرمیں پرایا کردیا،،

ایک توہولناک فیصلہ ،اوپرسے "عذرگناہ بدترازگناہ" ایسے ایسے جواز تراشےگئے کہ "الامان الحفیظ "

اسپنرزکےخلاف فواد عالم کا ٹریک ریکارڈ کسی سے ڈھکاچھپانہیں ،اس کےباوجود یہ کہنا کہ اسپن وکٹ 

دیکھتےہوئے "تبدیلی"کی گئی ،حیران کن ہے ،

ٹیسٹ کرکٹ میں فواد عالم کی پرفارمنس اورٹمپرامنٹ  اپنی مثال آپ ہے ، اگرٹیسٹ ٹیم کاایک ستون 

بابراعظم ہیں تودوسراستون فواد عالم ہیں،

فواد کی جگہ سلمان علی آغاکو ٹیم میں شامل کیا گیا بلاشبہ ڈومیسٹک سرکٹ میں غیرمعمولی ریکارڈ نے انہیں ہائی لائٹ کیا،

سلمان علی آغابھی دیگرتمام کرکٹرزکی طرح پاکستان کااثاثہ ہیں ،ان کی شمولیت یا ان کی کامیابی کےبارےمیں 

کوئی دوسری رائے نہیں ،ان کےلیے نیک تمنائیں ،لیکن انہیں فواد کی جگہ کس بنیاد پرشامل کیاگیا؟ سوال تو بنتاہے ! 

اگر سلمان علی آغا کو اسپنرہونےکی وجہ سے ترجیح دی گئی تو اسپنر تو فواد عالم بھی ہیں،

بلکہ ڈومیسٹک سرکٹ میں فواد کابولنگ ایورج سلمان سے بہترہے،

اگر ان کی شمولیت کےپیچھے یہ منطق تھی کہ وہ بطور آف اسپنر سری لنکا کےلیفٹ ہینڈرزکوپریشان کریں گے

تو بھی آپ پرآفرین ہے،اگریہی ہی جواز تراشنا تھا تو پھر اسپیشلسٹ آف اسپنرساجد خان کا یہ پوچھنا 

جائز ہوگا کہ "کیوں نکالا ؟

دلچسپ بات یہ کہ سلمان آغا کی جو اضافی خصوصیت شمولیت کاسبب بنی ،اس سے فائدہ بھی نہیں اٹھایاگیا،

گال ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں سلمان سے ایک بھی اوورنہیں کرایاگیا،،آخرکیوں ؟

اگر فوادعالم دومیچز کی بنیاد پر ڈراپ ہوسکتےہیں تو  اظہرعلی   نےطویل عرصہ فارم تلاش کرتے گزاردیا،،

مصباح اوریونس خان کی ریٹائرمنٹ کےبعد اظہرعلی کاگراف بتدریج گرتاچلاگیا،

دوسینیرزکےبعد اظہرکوجوذمہ داری لیناچاہیےتھی وہ اسے پورا نہ کرسکے،تب بھی "سینیرشپ "

کام آتی رہی ، آخرفواد عالم کس کےہاتھ پرلہوتلاش کریں ؟ کسے ذمہ دارٹہرائیں ؟

کیا فواد عالم  نام بدل لیں ؟کسی نے ٹھیک کہا فواد عالم کے لیے سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ 

وہ "فوادعالم "ہیں ، 22کروڑعوام اورملک وقوم کے مفاد میں جو فیصلہ کیا گیا،وہ یقینی طورپر 

سوالیہ نشان ہے،یہاں سوال چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے بھی بنتا ہے جن کا یہ بیان 

ریکارڈ پرموجود ہے "میں چیف سلیکٹرہوتا تو فواد کوسلیکٹ نہ کرتا" وہ علیحدہ بات کہ 

بعد میں انہیں بھی "یوٹرن"لینا پڑا،اب بھی اگر راجہ جی کہتےہیں کہ سلیکشن کمیٹی 

آزاداورخودمختارہے،اس فیصلے سے ان کاکوئی لینا دینا نہ نہیں ،،

تو بات یہ کہتےہوئے ختم کرناہوگی "اس سادگی پہ مرجانے کوجی چاہتاہے "