Get Alerts

مون سون کی زوردار بارش، لاہور میں مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق

مون سون کی زوردار بارش، لاہور میں مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق

لاہور : لاہور اور گردونواح میں مون سون کی موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے لاہور کی شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا اور متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔

واسا کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135 ملی میٹر، اور لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں جیسے ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور قصور میں بھی شدید بارش نے علاقے جھیلوں کا منظر پیش کیا۔

پنجاب میں مون سون بارشوں اور آندھی سے مختلف حادثات رونما ہوئے، جن میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 92 افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے افراد شامل تھے۔ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔

رائیونڈ کے مشن کالونی میں بھی چھت گرنے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ فیصل آباد کے رچنا ٹاؤن میں بھی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، لیکن ان کے تین بچے محفوظ رہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اور یہ مون سون کا سپیل 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ٹیگز: