شملہ: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں رواں مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں نے قیامت ڈھا دی۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے مطابق 20 جون سے 15 جولائی تک جاری بارشوں کے نتیجے میں 106 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان اموات میں سے 62 افراد کی جانیں لینڈسلائیڈنگ، سیلاب، کلاؤڈ برسٹ، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے جیسے قدرتی حادثات میں ضائع ہوئیں، جبکہ 44 افراد سڑک حادثات میں جاں بحق ہوئے۔
شدید بارشوں نے نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع کیا بلکہ ریاست کے بنیادی ڈھانچے اور ذاتی املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ 293 پکے اور 91 کچے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 850 ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے۔
ریاستی حکام کے مطابق 81 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے جن میں سڑکیں، بجلی کی ترسیل کا نظام، پانی کی فراہمی، اور صحت و تعلیم کی عمارتیں شامل ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں سے ہوشیار رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ریاستی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جبکہ ریلیف کیمپ قائم کر کے متاثرین کو عارضی پناہ اور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔