امریکہ :میٹا (Meta) کی زیرِ ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے سال 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران ایک بڑی صفائی مہم کے تحت تقریباً 1 کروڑ جعلی پروفائلز کو ہٹا دیا ہے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق، میٹا کا کہنا ہے کہ یہ جعلی اکاؤنٹس اکثر معروف شخصیات یا مواد تخلیق کرنے والوں کی نقالی کر رہے تھے تاکہ ان کے نام پر غلط معلومات یا چوری شدہ مواد کو فروغ دیا جا سکے۔
میٹا کے مطابق اس قدم کا مقصد اصل اور حقیقی مواد کو فروغ دینا اور جعلی یا نقل شدہ مواد سے صارفین کو محفوظ رکھنا ہے۔ جن پوسٹس میں سرقہ یا نقالی کی گئی تھی، ان کی شناخت کے بعد اصل تخلیق کاروں کا مواد بحال کر دیا گیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ وہ صارفین جو بار بار چوری شدہ مواد پوسٹ کرتے پائے گئے، ان کی آمدنی حاصل کرنے کی سہولت (مونیٹائزیشن) بھی معطل کر دی گئی ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اس قسم کی احتسابی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی، جن میں AI کے جدید ٹولز کا استعمال بڑھایا جائے گا۔