Get Alerts

ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کی جیت کا ٹیٹو بنوانا مداح کو مہنگا پڑ گیا

ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کی جیت کا ٹیٹو بنوانا مداح کو مہنگا پڑ گیا

انگلینڈ : فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست نے ایک پُرجوش انگلش مداح کی قبل از وقت خوشی کو مایوسی میں بدل دیا۔ اپنی ٹیم پر غیر معمولی اعتماد رکھنے والے مداح کی پیشگوئی بھی غلط ثابت ہوگئی، جس نے انگلینڈ کو پہلے ہی عالمی چیمپئن قرار دیتے ہوئے مستقل ٹیٹو بنوا لیا تھا۔

برطانیہ کے علاقے گریٹر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ شان کیرنگٹن نے راؤنڈ آف 32 میں ڈی آر کانگو کے خلاف انگلینڈ کی کامیابی کے بعد اپنے جسم پر فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ "England World Cup Winner 2026" کا ٹیٹو بنوایا، جس پر تقریباً 550 پاؤنڈ لاگت آئی۔

جوں جوں انگلینڈ ٹورنامنٹ میں کامیابیاں سمیٹتا گیا، شان کو اپنی پیشگوئی سچ ہوتی محسوس ہونے لگی، لیکن سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے 1-2 سے کامیابی حاصل کرکے انگلش ٹیم کا عالمی کپ جیتنے کا خواب ختم کر دیا۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان کیرنگٹن نے اعتراف کیا کہ وہ اکثر جلد بازی میں فیصلے کر لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین تھا کہ انگلینڈ سیمی فائنل میں ارجنٹینا کو 0-3 سے شکست دے گا اور پھر فائنل میں اسپین کو 1-2 سے ہرا کر ورلڈ کپ اپنے نام کرے گا۔

اگرچہ ان کی پیشگوئی درست ثابت نہ ہو سکی، تاہم شان نے مہنگا ٹیٹو ختم کرانے کے بجائے اسے یادگار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ٹیٹو کے نیچے "Only Kidding" (صرف مذاق تھا) لکھوائیں گے تاکہ اپنی اس غلط پیشگوئی کو مزاحیہ انداز میں ہمیشہ کے لیے محفوظ رکھ سکیں۔
 
 
 

ٹیگز: