Get Alerts

پی آئی اے کے بیڑے میں توسیع کے لیے پاکستان اور بوئنگ کے درمیان اہم پیش رفت

پی آئی اے کے بیڑے میں توسیع کے لیے پاکستان اور بوئنگ کے درمیان اہم پیش رفت

واشنگٹن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں بوئنگ کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے لیے نئے طیاروں کی خریداری اور قومی ایئرلائن کے بیڑے کو جدید بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کے نمائندے بھی شریک تھے، جس سے قومی ایئرلائن کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

ملاقات کے دوران پی آئی اے کے لیے 16 نئے طیارے حاصل کرنے کی تجویز پر اہم پیش رفت ہوئی۔ دونوں فریقین نے مختلف طیاروں کے آپشنز، خریداری کے طریقہ کار اور ایسے تجارتی انتظامات پر غور کیا جن کے ذریعے پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ یقینی بنایا جا سکے۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خریداری کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید تیز کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے بوئنگ کے صدر برینڈن نیلسن کی جانب سے طیاروں کی خریداری کے عمل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عالمی ہوابازی کی صنعت میں بوئنگ کے نمایاں کردار اور جدید طیارہ سازی کے شعبے میں کمپنی کی خدمات کو بھی سراہا۔

حکام کے مطابق 16 نئے طیاروں کی مجوزہ خریداری پی آئی اے کی فلیٹ ماڈرنائزیشن حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس سے قومی ایئرلائن کی آپریشنل استعداد میں اضافہ، فضائی نیٹ ورک کی توسیع اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹیگز: