شنگھائی: پاکستان نے مصنوعی ذہانت کے عالمی تعاون کے فروغ کے لیے قائم کی جانے والی ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کی بنیاد رکھنے والے ممالک میں شامل ہو کر بانی رکن کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی میں تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان گلوبل ساؤتھ کے تناظر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس تعاون کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مشترکہ اقدامات، تحقیق اور ترقی کے لیے کردار ادا کرے گا۔