عمران خان اور مریم نواز کی آج بیک وقت ایک ہی جگہ موجودگی، تصادم کا خدشہ

عمران خان اور مریم نواز کی آج بیک وقت ایک ہی جگہ موجودگی، تصادم کا خدشہ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان  کا آج ایک دوسرے سے  آمنا سامنا متوقع ہے کیونکہ ملکی سیاست کے دو سخت مخالفین بیک وقت آج  اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں ہوں گے تاہم اس صورتحال میں دونوں رہنماؤں کے کارکنان کے درمیان تصادم کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق عمران آج اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کریں گے جبکہ مریم اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنی اپیلوں کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔

جسٹس عامر فاروق اورجسٹس  محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ آج کیس کی دوبارہ سماعت کرے گا جبکہ مریم کے وکیل امجد پرویز اپنے دلائل جاری رکھیں گے جس کے بعد  نیب پراسیکیوٹر اپنے دلائل دینا شروع کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بار سے خطاب کریں گے جس کی دعوت انہیں ایک خط کے ذریعے دی گئی تھی۔تاہم ان دونوں رہنماؤں کی عدالت میں بیک وقت موجودگی ضلعی انتظامیہ کے لیے مشکل ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر اپنے حامیوں کے ساتھ ہو سکتی ہیں اور تصادم کے امکانات کو  رد نہیں کیا جا سکتا۔

مصنف کے بارے میں