Get Alerts

ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی "موساد "کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی

تہران: ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ ایجنٹ کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پھانسی دے دی۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق مذکورہ شخص کو "زمین پر فساد پھیلانے" اور "محاربہ" (خدا کے خلاف جنگ) جیسے سنگین جرائم میں سزا سنائی گئی تھی۔

ایرانی عدلیہ کی سرکاری ویب سائٹ میزان آن لائن کے مطابق، اسماعیل فکری نامی شخص 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا، اور اس پر الزام تھا کہ وہ ایران کے اندر حساس معلومات اکھٹی کر کے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کو فراہم کر رہا تھا۔ سپریم کورٹ میں اپیل مسترد ہونے کے بعد سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔

حکام نے ایجنٹ کی قومیت ظاہر نہیں کی، تاہم اس کی گرفتاری اور سزائے موت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کے مختلف حساس علاقوں، جن میں ایٹمی اور فوجی تنصیبات شامل ہیں، پر حملے ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے پسِ پردہ موساد کا ہاتھ ہے، اور ان ہی حملوں کے تناظر میں ملک بھر میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ حالیہ کارروائی میں جنوبی تہران سے موساد کی مبینہ تین منزلہ خفیہ ورکشاپ کا بھی انکشاف ہوا ہے، جہاں سے 200 کلو گرام بارودی مواد، 23 ڈرونز اور دیگر حساس آلات برآمد کیے گئے ہیں۔

ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں بھی موساد سے تعلق رکھنے والے دو مزید ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹیگز: