دبئی: دبئی حکومت نے موسمِ گرما کے دوران اپنے سرکاری ملازمین کے لیے نیا ورک ماڈل متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 1 جولائی سے 12 ستمبر تک بعض سرکاری اداروں میں ہفتے میں 4 دن کام اور 3 دن تعطیلات کا شیڈول نافذ کیا جائے گا۔
ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، اس پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔پہلا گروپ پیر سے جمعرات تک 8 گھنٹے روزانہ کام کرے گا اور جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔
دوسرا گروپ پیر سے جمعرات تک روزانہ 7 گھنٹے کام کرے گا جبکہ جمعے کے روز آدھا دن کام ہوگا، اور ہفتہ و اتوار چھٹی ہوگی۔
اس پروگرام کا مقصد ملازمین کی زندگی کا معیار بہتر بنانا اور کام کی جگہ پر سہولت فراہم کرنا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ الفیصل نے کہا کہ گزشتہ برس چلنے والے پائلٹ پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد یہ ماڈل باقاعدہ طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل شارجہ نے 2022 میں ایسا ہی پروگرام متعارف کرایا تھا، جبکہ عالمی سطح پر برطانیہ میں 2022 میں 4 دن کام اور 3 دن چھٹی کا کامیاب ٹرائل کیا جا چکا ہے۔