اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور خطے میں رابطہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بلیو اکانومی اہم کردار ادا کر سکتی ہے، اور یہ شعبہ قومی اقتصادی ترقی کا اگلا اہم محاذ بن چکا ہے۔
اسلام آباد میں "انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس" کی سافٹ لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلیو اکانومی عالمی سطح پر کھربوں ڈالر کی صنعت بن چکی ہے، اور پاکستان کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیری، جہاز سازی، ری سائیکلنگ، قابل تجدید توانائی، ساحلی سیاحت اور آبی زراعت جیسے شعبے اس معیشت کے نمایاں پہلو ہیں، جن میں سرمایہ کاری سے ملکی ترقی میں تیزی آئے گی۔
وزیراعظم نے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ سے لے کر حالیہ بھارتی جارحیت تک، بحریہ نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری میں سنجیدہ ہے، جس کا عملی ثبوت حالیہ "امن مشق" ہے جس میں 60 ممالک نے شرکت کی۔