لاہور: پنجاب حکومت آج مالی سال 2026-27 کا 5 ہزار 131 ارب روپے کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی، جس میں تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبے کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ 3 ہزار 569 ارب 60 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبے کے لیے 900 ارب روپے جبکہ صحت کے لیے 680 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق اضافہ کیا جائے گا، جس سے لاکھوں ملازمین اور پنشنرز مستفید ہوں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بجٹ کی تفصیلات پیش کیے جانے کے بعد مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز اور نئی پالیسیوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔