اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان حساس معاملے پر پاکستان نے محتاط سفارتی حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کسی بھی پیش رفت کو میڈیا ہیڈ لائنز کے بجائے سنجیدہ اور خاموش سفارتی رابطوں کے ذریعے آگے بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔
بیورو چیف اسلام آبادنیونیوز جاوید بلوچ کا کہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق پاکستان اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور تمام سفارتی رابطوں کے عمل کو راز میں رکھا جا رہا ہے تاکہ پیچیدہ مسئلے کو بہتر انداز میں حل کی جانب لے جایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر کمیونیکیشن کا عمل انتہائی احتیاط سے جاری ہے، جبکہ وزیراعظم خود اس سفارتی کوشش کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کی اولین ترجیح خطے میں امن، سکیورٹی اور استحکام کا قیام ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ مسائل کا حل تصادم کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی دلچسپی خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور پیچیدہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے سلجھانے میں ہے۔