اسلام آباد :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ دنیا بھر کے دفاعی ماہرین اور عالمی میڈیا امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ سیز فائر اور مذاکرات کی بحالی میں فیلڈ مارشل کے بطور ثالث کلیدی کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔
سپین کے مایہ ناز جریدے ’’ایل پائس‘‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک بااثر اور بصیرت افروز عالمی رہنما کے طور پر پیش کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں فیلڈ مارشل نے نہ صرف ایک فاتح اور جری فوجی کمانڈر کے طور پر اپنی دھاک بٹھائی بلکہ اپنی عسکری حکمتِ عملی سے خطے کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔
عالمی جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طویل کشیدگی کو ختم کرنے اور سیز فائر کے معاہدے کو ممکن بنانے میں فیلڈ مارشل کی شخصیت نے بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیچیدہ بین الاقوامی بحرانوں کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی عسکری قوت اور عالمی وقار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ان کی جرات مندانہ قیادت اور عالمی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بدولت آج پاکستان خطے کے ایک مضبوط اور ناگزیر ملک کے طور پر ابھرا ہے، جس کی عسکری و سفارتی قیادت پر دنیا بھر کے ممالک اعتماد کر رہے ہیں۔