Get Alerts

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تاریخی ملاقات، پاک۔امریکہ تعلقات پر مفصل گفتگو،صدر ٹرمپ نے ملاقات کو اپنے لیے "اعزاز" قرار دیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تاریخی ملاقات، پاک۔امریکہ تعلقات پر مفصل گفتگو،صدر ٹرمپ نے ملاقات کو اپنے لیے

واشنگٹن : سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اہم اور تاریخی ملاقات کی، جسے سفارتی، دفاعی اور معاشی حوالے سے پاک-امریکہ تعلقات میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات وائٹ ہاؤس کی کابینہ روم میں ایک خوش گوار ماحول میں تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی بات چیت کی، جن میں دفاعی تعاون، خطے کی صورتحال، پاک-امریکہ تجارتی امکانات اور انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات شامل تھے۔

صدر ٹرمپ نے ملاقات کو اپنے لیے "اعزاز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور پاکستان سے لگن کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں جنگ سے گریز کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا"میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا انڈیا کے ساتھ جنگ ختم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران-اسرائیل تنازعے پر بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے رائے دی کہ پاکستان شاید ایران کو بہتر سمجھتا ہے۔"

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط قائم کرنے جا رہا ہے، جو دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کی پاکستان کے ساتھ وابستگی اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے جاری امریکی دورے کے دوران مزید اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں امریکی محکمہ دفاع اور قومی سلامتی کے اعلیٰ حکام سے مذاکرات شامل ہیں۔
یہ ملاقات نہ صرف دو طرفہ اعتماد سازی کی ایک علامت ہے بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور اہم علاقائی شراکت دار کے طور پر اجاگر کرتی ہے۔

ٹیگز: