واشنگٹن: پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون اور عالمی سیکیورٹی امور پر گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے علیحدہ ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں، جہاں دفاعی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ادھر سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے اس ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نہیں چاہتے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو۔ ان کے مطابق ملاقات کی توجہ کا مرکز ایران-اسرائیل تنازع اور بھارت کی علاقائی پالیسی ہو سکتا ہے۔
مشاہد حسین کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی شکست کے بعد امریکی قیادت پاکستانی عسکری قیادت کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے، اور غالب امکان ہے کہ صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ان کا مؤقف سننے کے خواہاں ہوں گے۔