Get Alerts

وزیراعظم اور آرمی چیف کی شہیدسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد ، اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی

وزیراعظم اور آرمی چیف کی شہیدسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد ، اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے بہادر افسر سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شہید کی وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف شہید کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارا، ان کے دکھ میں شریک ہوئے اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے معرکۂ حق میں جرأت اور دلیری کی جو مثال قائم کی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری بھی شہید کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

خیال رہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے حملے کے دوران پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف وطن کے دفاع میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کی قربانی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وطن کی حرمت پر جان نچھاور کرنے والے محافظ کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ قوم اپنے اس سپاہی کو سلام پیش کرتی ہے اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں کھڑی ہے۔

ٹیگز: