Get Alerts

حاجیوں کے لیے بڑی سہولت، سعودی وزارتِ صحت کا اردو زبان میں ’رہنمائے صحت پورٹل‘ کا اجرا

حاجیوں کے لیے بڑی سہولت، سعودی وزارتِ صحت کا اردو زبان میں ’رہنمائے صحت پورٹل‘ کا اجرا

ریاض : سعودی عرب نے حج 2025 کے موقع پر حجاج کرام کی رہنمائی کے لیے ’آن لائن رہنمائے صحت پورٹل‘ کا اجرا کر دیا، جو اب اردو زبان میں بھی دستیاب ہے۔

وزارتِ صحت کے اعلامیے کے مطابق یہ پورٹل آٹھ زبانوں میں پیش کیا گیا ہے، جن میں عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی، فارسی، انڈونیشی، مالے اور ترکی شامل ہیں۔ اس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو ان کی اپنی زبان میں صحت و سلامتی سے متعلق مستند معلومات فراہم کرنا ہے۔

پورٹل میں بیماریوں سے بچاؤ، ویکسینیشن، اور بنیادی طبی احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی رہنمائی شامل ہے۔ وزارتِ صحت نے زور دیا ہے کہ تمام عازمین حج روانگی سے قبل میننگوکوکل میننجائٹس، کووڈ-19، زرد بخار اور پولیو کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔

اس کے علاوہ دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق مکمل طبی ریکارڈ اور ادویات کی مناسب مقدار اپنے ہمراہ رکھیں۔

حکام کے مطابق حج کے دوران صحت عامہ کا بھرپور خیال رکھنے کے لیے سعودی حکومت تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ زائرین عبادات یکسوئی اور سہولت سے انجام دے سکیں۔

ٹیگز: