فواد چودھری نے خواجہ آصف کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی

 فواد چودھری نے خواجہ آصف کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی
کیپشن: خواجہ آصف کی جانب قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولنے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا،فواد چودھری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: فواد چودھری نے خواجہ آصف کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی۔ وفاقی وزیر نے کہا خواجہ آصف نے اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولا اور ایوان کا استحقاق مجروح کیا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں کہا گیا کہ 14 نومبر کو خواجہ آصف نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے نمائندوں کے بیان کو اسمبلی میں توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ خواجہ آصف نے نواز شریف کی صحت سے متعلق حکومتی نمائندوں کے موقف کو غلط طریقے سے پیش کیا۔

تحریک میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو نواز شریف کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں تھا اور خواجہ آصف نے نواز شریف کو مرنے دو جیسا جملہ حکومتی نمائندوں سے منسوب کیا۔ خواجہ آصف کی جانب قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولنے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔ خواجہ آصف کی اسمبلی فلور پر غلط بیانی کے معاملے پر بحث کرائی جائے اور معاملہ قومی اسمبلی کے قوائد و ضوابط کمیٹی کو بھیجا جائے۔