دہشتگردی اور بحری قزاقوں کیخلاف پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا، صدر مملکت

دہشتگردی اور بحری قزاقوں کیخلاف پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا، صدر مملکت
کیپشن: پاکستان کو ترکی کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، عارف علوی۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور بحری قزاقوں کیخلاف پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا۔ پی این ایس معاون جدید ٹیکنالوجی سے لیس جہاز ہے اور پاکستان کو ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

صدر عارف علوی کراچی میں پی این ایس معاون کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں نیول چیف سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت پاک بحریہ کے اعلی افسران اور وزارت دفاع کے حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ پی این ایس معاون جدید ٹیکنالوجی سے لیس جہاز ہے جبکہ دہشتگردی اور بحری قزاقوں کیخلاف پاک بحریہ نے اہم کردارادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو ترکی کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کیخلاف جارحیت کے عزائم نہیں رکھتا۔ پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور وزارت دفاع کو مشن کی کامیابی پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس سے قبل پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ نیوی کے بیڑے میں شامل ہونے والے نئے جہاز کو پی این ایس معاون کا نام دیا گیا ہے۔ یہ جہاز مختلف قسم کے میری ٹائم آپریشز سرانجام دینے اور بیک وقت دو ہیلی کاپٹرز ڈیک پر رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔