وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی 

لاہور: پنجاب حکومت نے گنے کی کم از کم قیمت دو سو روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلی پنجاب نے جنوبی پنجاب کے اضلاع میں دس نومبر سے کرشنگ سیزن کے آغاز کی اصولی منظوری دیدی۔

 وزیراعلی عثمان بزدار نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پانچ نئے منصوبوں کا بھی افتتاح کر دیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت گنے کے قیمت مقرر کرنے اور کرشنگ کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں گنے کی فی من قیمت دو سو روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں کرشنگ سیزن کا آغاز دس نومبر جبکہ دیگر اضلاع میں پندرہ نومبر سے شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ 

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے دور میں گنے کی قیمت میں اضافہ نہ کر کے کاشتکاروں کا استحصال کیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے۔ دوسری جانب خوراک کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلی عثمان بزادر نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پانچ منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ 

نئے منصوبوں میں موٹر وے اسکواڈ، نئی آپریشنل ٹیم بائیک اسکواڈ، صوبہ بھر میں لیکٹو اسکین مشینوں کی فراہمی، فری ملک ٹیسٹنگ اور باڈی کیم سرویلنس سسٹم شامل ہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے لیکٹو سکین مشین، باڈی کیمروں، موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری اور بائیک اسکواڈ کی موٹر سائیکلوں کا بھی معائنہ کیا جبکہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔