چمن :افغان طالبان کی جانب سے بابِ دوستی کو تباہ کرنے کا دعویٰ غلط اور بے بنیاد ثابت ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن بارڈر پر واقع بابِ دوستی اپنی مکمل اصل حالت میں موجود ہے اور وہاں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی ایف سی (نارتھ) نے چمن سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو شاباش دی۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی جانب سے بابِ دوستی کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ افغان سائیڈ پر موجود گیٹ کو طالبان نے خود بارودی مواد سے تباہ کیا۔
اس کا مقصد پاکستان مخالف بیانیہ اور پروپیگنڈا پھیلانا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان مذہب کا سہارا لے کر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے عوامی جذبات کو بھڑکانے اور سرحدی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی فورسز مکمل الرٹ ہیں اور سرحدی حدود کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔