پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہدایت پر 27 ستمبر کو پشاور میں ایک عظیم الشان عوامی پاور شو کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ محض ایک سیاسی اجتماع نہیں، بلکہ "عوامی ریفرنڈم" ہوگا، جس میں خیبرپختونخوا کے عوام اپنے عزم، جدوجہد اور سیاسی شعور کا بھرپور اظہار کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "پورا پشاور ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ یہ عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگا، جس سے ایک واضح پیغام جائے گا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔"
انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن تحریک انصاف کی جدوجہد میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
جلسے کے انتظامات کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، اور ضلعی و مقامی قیادت کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔