Get Alerts

غزہ کی صورتحال کے بعد لکسمبرگ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا بڑا فیصلہ

غزہ کی صورتحال کے بعد لکسمبرگ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا بڑا فیصلہ

برسلز: یورپی ملک لکسمبرگ نے فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جو رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، لکسمبرگ کے وزیراعظم لُک فریڈن نے کہا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور ایسے میں دنیا بھر میں دو ریاستی حل کے لیے ایک نئی عالمی رائے سامنے آ رہی ہے۔

وزیراعظم فریڈن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لکسمبرگ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے والوں میں شامل ہوگا اور اقوام متحدہ کے فورم پر اس موقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔

تاہم، لکسمبرگ کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ فرانس، بیلجیئم اور دیگر قریبی شراکت دار ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد سامنے آئے گا۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پارلیمانی کمیشن کو اس پیشرفت سے آگاہ کر دیا ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ لکسمبرگ فلسطین کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم بھی اسی پالیسی کا اعلان کر چکے ہیں، اور ان ممالک کی جانب سے باضابطہ اعلان رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متوقع ہے۔

عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ سلسلہ اگر مزید ممالک تک پھیلا، تو فلسطین کی ریاستی حیثیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

ٹیگز: