Get Alerts

ہانیہ عامر کے ’پابلو‘ اور شائے گل کے گانے میں مماثلت، گلوکارہ نے وضاحت کردی

ہانیہ عامر کے ’پابلو‘ اور شائے گل کے گانے میں مماثلت، گلوکارہ نے وضاحت کردی

لاہور : ہانیہ عامر کے نئے گانے ’پابلو‘ اور گلوکارہ شائے گل کے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ میں مماثلت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بحث کے بعد شائے گل نے وضاحت پیش کردی۔

’پابلو‘ ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں گانوں کا موازنہ شروع کیا، جبکہ بعض صارفین کی جانب سے ہانیہ عامر پر شائے گل کے گانے سے متاثر ہونے یا اسے نقل کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے۔

اسی دوران شائے گل نے اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کی ریلیز کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کا اکوسٹک ورژن شیئر کیا۔ پوسٹ کے وقت کو دیکھتے ہوئے کچھ صارفین نے اسے ہانیہ عامر کے لیے بالواسطہ پیغام قرار دیا۔

تاہم شائے گل نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے اکوسٹک ورژن صرف اپنے گانے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ ستمبر میں ان کا پہلا سولو گانا ریلیز ہوا تھا اور رواں سال اسی کی سالگرہ پر انہوں نے نیا ورژن پیش کیا۔

گلوکارہ نے کہا کہ وہ کسی سے نفرت نہیں کرتیں اور جو لوگ گانے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، وہ ایسا کریں، جبکہ بحث کرنا چاہنے والے اپنی مرضی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ہر کمنٹ میں جاکر اپنی وضاحت پیش نہیں کرسکتیں۔

شائے گل کے اکوسٹک ورژن کو آئمہ بیگ، عبدالحنان اور انورال خالد سمیت متعدد فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سراہا گیا۔

ٹیگز: