Get Alerts

میٹا نے صارفین کیلئے نئی سبسکرپشن سروس میٹا ون متعارف کرا دی

میٹا نے صارفین کیلئے نئی سبسکرپشن سروس میٹا ون متعارف کرا دی

کیلیفورنیا: میٹا نے صارفین کے لیے ایک نئی سبسکرپشن سروس متعارف کرادی ہے جس کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی کی مختلف سبسکرپشنز کو ایک ہی بنڈل میں شامل کیا گیا ہے۔

’میٹا ون‘ نامی اس سروس کے سبسکرائبرز کو میٹا کی مختلف ایپس پر متعدد جدید اے آئی فیچرز کے ساتھ پروفیشنل ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی۔

کمپنی کے مطابق نئی سروس کا مقصد انفرادی صارفین کے لیے دستیاب انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس کے الگ الگ پلانز میں موجود 50 سے زائد فیچرز کو ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ان تینوں سروسز کے موجودہ سبسکرائبرز کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

میٹا نے انفرادی صارفین کے لیے کور اور پریمیئم پلانز بھی متعارف کرائے ہیں، جن کے ذریعے اے آئی کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز تیار کرنے سمیت مختلف تخلیقی کام زیادہ آسانی سے کیے جاسکیں گے۔

اس پیش رفت کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مستقبل میں میٹا کے اے آئی ماڈلز کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز مفت تیار کرنے کے مواقع محدود ہوسکتے ہیں۔

کریئیٹرز کے لیے تینوں سروسز پر مشتمل مشترکہ بنڈل کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ صرف ایک سروس، مثلاً فیس بک پلس، حاصل کرنے کے لیے ماہانہ 299 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ٹیگز: