انطالیہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کے باعث خطے میں جاری جنگ کا خاتمہ ممکن ہوا، اور اس جنگ بندی کو مستقل امن کے لیے ایک سنہری موقع کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
انطالیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، اور عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر تجارتی جہازوں کے لیے کھولا جانا ضروری ہے۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی مسائل کے حل کا بہترین راستہ ہیں، اور ترکیہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی سطح پر مذاکرات اور سربراہی اجلاسوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے عالمی نظام میں طاقت کے توازن میں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ عالمی ڈھانچہ کس طرف جا رہا ہے۔
ترک صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا جائے، کیونکہ ان پالیسیوں کے باعث دنیا بھر میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔