Get Alerts

ٹک ٹاک نے انسانی ماڈریٹرز کو ہٹانے کا اعلان، اے آئی ماڈریٹرز کی تعیناتی شروع

ٹک ٹاک نے انسانی ماڈریٹرز کو ہٹانے کا اعلان، اے آئی ماڈریٹرز کی تعیناتی شروع

کیلیفورنیا:ٹک ٹاک نے اپنے پلیٹ فارم پر مواد کی مانیٹرنگ کے لیے انسانی ماڈریٹرز کی جگہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈریٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد جرمنی میں کمپنی کے ملازمین نے ہڑتالوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے کی گئی اعلان کے مطابق، کمپنی اپنی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیم کو مکمل طور پر اے آئی سسٹم سے بدلنے جا رہی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں 150 ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔ یہ ملازمین وہ ہیں جو پلیٹ فارم پر مواد کی نگرانی کرتے تھے تاکہ ویڈیوز میں تشدد، فحاشی، غلط معلومات یا نفرت انگیز تقاریر نہ ہوں

کمپنی کے اس فیصلے کے بعد، جرمنی میں کام کرنے والے ملازمین کی نمائندگی کرنے والی ٹریڈ یونین نے کئی ہفتوں تک مذاکرات کیے، تاہم کمپنی نے ان کے مطالبات کو مسترد کر دیا۔ ٹک ٹاک کے برلن میں تقریباً 400 ملازمین ہیں، جن میں سے ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیم کی برطرفی کے بعد 40 فیصد کمی آ جائے گی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹک ٹاک نے اپنی ٹیموں میں کمی کی ہے۔ گزشتہ سالوں میں کمپنی نے اپنی عالمی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیموں میں کمی کی ہے اور بیشتر مواد کی مانیٹرنگ کا عمل اے آئی سسٹم کے حوالے کر دیا ہے۔ رواں سال فروری میں کمپنی نے ایشیا، یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں اپنی اہم ٹیموں کو ہٹا دیا تھا۔

ٹک ٹاک کی طرح، دیگر سوشل میڈیا کمپنیاں جیسے کہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے بھی اپنی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیموں میں کمی کی ہے، اور ان کی جگہ اے آئی ماڈریشن سسٹمز کو متعارف کرایا ہے۔

ٹیگز: