لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی قومی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اس اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کیا۔
سکواڈ کی سب سے بڑی حیرت انگیز تبدیلی یہ ہے کہ دونوں اہم کھلاڑی، بابر اعظم اور محمد رضوان، اس بار ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے نہ ہونے کی خبر شائقین کرکٹ کے لیے چونکا دینے والی ہے، کیونکہ کئی سالوں سے یہ دونوں کھلاڑی بڑے ایونٹس کا حصہ رہے ہیں۔
اس بار قومی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان آغا کو دی گئی ہے، جو پہلی بار کسی بڑے ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سلمان آغا کی قیادت میں ٹیم میں نئی توانائی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
منتخب کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فاران، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کے مطابق یہ اسکواڈ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے امتزاج پر مشتمل ہے تاکہ ٹیم کو نئی توانائی ملے اور وہ میدان میں بہترین کارکردگی دکھا سکے۔
اس اعلان کے بعد شائقین کرکٹ میں مختلف ردعمل دیکھنے کو ملے ہیں، کیونکہ کئی سالوں بعد بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے بڑے نام کسی بڑے ایونٹ میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔