پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ بلیک باکس حادثے کے مقام سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر ملا ہے، جسے پولیس نے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شدید سیلاب کے دوران مہمند پنڈیالی سوکئی کے قریب ریسکیو آپریشن میں مصروف سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں عملے کے 5 افراد شہید ہو گئے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی تھی کہ حادثے میں دو پائلٹ اور تین عملے کے ارکان موجود تھے، جو امدادی سامان لے کر باجوڑ کے سیلاب متاثرین کے لیے جا رہے تھے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کی انتظامیہ نے اتوار کو سیلاب کی تازہ صورتحال رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم کے مطابق، اس تباہ کن سیلاب نے ضلع بونیر میں زبردست نقصانات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 401 افراد جان بحق اور 671 زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق، ضلع میں 2300 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 413 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تعلیمی ادارے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں اور 6 سرکاری اسکول سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔
مزید برآں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر عوامی سہولیات بھی محفوظ نہیں رہیں۔ 2 پولیس تھانے سیلاب میں بہہ گئے، 639 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، 127 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور 824 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔