ایسی کونسی وجہ ہے کہ لڑکے نے دلہن اور لڑکی نے دولہے کا لباس پہن رکھا ہے؟

چین میں گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی ایک شادی میں مہمانوں کے منہ اس وقت حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے جب دولہا ایک خوبصورت عروسی لہنگا پہن کر اور دلہن سیاہ رنگ کا مردانہ کوٹ پینٹ زیب تن کر کے شادی کی تقریب میں آن پہنچے

ایسی کونسی وجہ ہے کہ لڑکے نے دلہن اور لڑکی نے دولہے کا لباس پہن رکھا ہے؟

بیجنگ :  چین میں گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والی ایک شادی میں مہمانوں کے منہ اس وقت حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے جب دولہا ایک خوبصورت عروسی لہنگا پہن کر اور دلہن سیاہ رنگ کا مردانہ کوٹ پینٹ زیب تن کر کے شادی کی تقریب میں آن پہنچے۔
یہ واقعہ صوبہ سشوان کے شہر نانگ شونگ میں پیش آیا، جہاں دولہے ووشوائی اور دلہن کوکیان کی شادی میں سینکڑوں مہمان مدعو تھے۔ دلہن کو کوٹ پینٹ اور دولہے کو سفید لہنگے میں ملبوس دیکھ کر ہر کوئی حیران تھا اور اس عجیب و غریب حرکت کی وجہ جاننا چاہتا تھا۔ بالآخر تقریب کے اختتام پر دولہے ووشوائی نے بتایا کہ اس کی دلہن کوکیان منگنی کے وقت خاصی دبلی پتلی تھی مگر بعد ازاں اس کا وزن کافی بڑھ گیا۔ اگرچہ اس نے اپنے لئے بڑے شوق سے عروسی لہنگا تیار کروایا تھا لیکن وہ پریشان تھی کہ اسے پہن کر وہ موٹی نظر آئے گی۔ اسی پریشانی کی وجہ سے دلہن عروسی لہنگا پہننے پر تیار نہیں تھی ، لیکن وہ یہ بھی نہیں چاہتی تھی کہ اتنا مہنگا اور خوبصورت لہنگا تیار کرنے کی تمام محنت ضائع چلی جائے لہٰذا اس نے دولہے سے فرمائش کرڈالی کہ وہ اسے پہن لے۔

بیچارے دولہے نے پہلے تو کچھ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا لیکن پھر دلہن کی فرمائش کے سامنے سرتسلیم خم کردیا۔ دونوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک دوسرے کا لباس پہن کر شادی کی تقریب میں جائیں گے اور پھر انہوں نے اس فیصلے پر عمل بھی کر ڈالا۔ شادی میں شامل مہمانوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے دولہا، دلہن کا ایسا لباس پہلے کبھی نہیں دیکھا، تاہم اس حرکت کی وجہ سے انہیں شادی کی یہ تقریب ہمیشہ یاد رہے گی.