پاکستان میں اومی کرون کا دوسرا کیس، متاثرہ شخص ہسپتال سے فرار

پاکستان میں اومی کرون کا دوسرا کیس، متاثرہ شخص ہسپتال سے فرار

اسلام آباد : کراچی میں اومی کرون کا دوسرا کیس سامنے آ گیا ۔ اومی کرون سے متاثرہ شخص قرنطینہ سے فرار ہوگیا ہے ۔  محکمہ صحت کے ذرائع نے اومی کرون وائرس کی تصدیق کردی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے خطرناک ویرئینٹ اومی کرون کا دوسرے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم متاثرہ شخص قرنطینہ سے فرار ہوگیا ۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ35 سالہ متاثرہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا تھا ۔ حکومت نے کیٹیگری سی اور اومی کرون والے ممالک پر سفری پابندی لگائی ہے، تاہم برطانیہ کیٹیگری سی میں نہیں آتا ۔

 ذرائع محکمۂ صحت کے مطابق  رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا وائرس اور بعد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شخص کو محکمۂ صحت نے ایئر پورٹ سے شاہراہِ فیصل پر واقع نجی ہوٹل منتقل کیا ہے، متاثرہ شخص میں جینوم سکوینسنگ کے بعد اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے تاہم مذکورہ شخص قرنطینہ سے فرار ہوگیا ہے  ۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ  قرنطینہ پر سیکیورٹی فراہم کرنا محکمہ داخلہ پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمے داری ہے۔ نجی ہوٹل میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 19 افراد قرنطینہ میں ہیں ، جنہیں سیکیورٹی اب بھی فراہم نہیں کی گئی۔ کورونا سے متاثرہ 19 میں سے 5 افراد کی جینوم سکوینسنگ ابھی ہونی ہے، جبکہ سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث اب تک 38 افراد قرنطینہ سے فرار ہو چکےہیں ۔