سانحہ 9 مئی کرنے والوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں سزا ملے گی: رانا ثناء اللہ

سانحہ 9 مئی کرنے والوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں سزا ملے گی: رانا ثناء اللہ

فیصل آباد : سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت کی وجہ سے ایک ارب ڈالر کیلئے سال سال آئی ایم ایف کی منتیں کرنا پڑ رہی ہیں۔سانحہ 9 مئی والے کہتے ہیں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں۔ 

 رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دکھایا، ہمارے دور میں پٹرول 65 روپے لٹر تھا، سی پیک نے ایک طرف کی دنیا کو دوسری طرف کی دنیا سے ملا دینا تھا،۔ملک ڈیفالٹ کر رہا تھا، آئی ایم ایف کا معاہدہ ناممکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو ناک سے لکیریں نکالنا پڑیں پھر جاکر آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، 2020ء تک سی پیک منصوبہ مکمل ہونے جارہا تھا، 2017ء میں ایک سازش ہوئی اور مسلم لیگ ن کو روکا گیا، میاں نوازشریف کی حکومت ختم کی گئی، وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا، سازش کے نتیجے میں جس کو لایا گیا اس نے معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ہمارا جیلوں تک پیچھا کیا گیا، اللہ نے اس شخص کو بری نیت اور برے اعمال کی وجہ سے جیل تک پہنچایا ہے، اب اس شخص کو جیل میں جم دستیاب ہے، اس شخص کو جیل میں دیسی مرغ بنا کر دیا جاتا ہے، ہم نے آدھی زبان سے بھی نہیں کہا کہ اس کی سہولیات ختم کی جائیں۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ اس کا عمل یہ تھا کہ اس نے جیلوں تک ہمارا پیچھا کیا، امریکا میں جاکر کہتا تھا مجھے پتہ چلا ہے ڈاکٹروں نے نوازشریف کے سیل میں اے سی لگا دیا ہے، اس ملک نے بدحال ہی ہونا تھا، اس ملک کی ترقی 2017ء میں نظر آرہی تھی، انہوں نے 9 مئی کے واقعات کئے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اب یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اب کہہ رہے ہیں کہ ہمارے خلاف مقدمات درج ہو رہے ہیں، بلاشبہ انہوں نے پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت بنائی تھی، چاہتے وہ سیاست کرنا تھے، لیکن انکے لیڈر نے ان کو دوسری سائیڈ پر لگادیا، 9 مئی کو انہوں نے ریڈ لائن کراس کی۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر نے کہا کہ احتجاج میں یہ حق نہیں کہ وہ جی ایچ کیو پر حملہ کردیں، احتجاج میں یہ حق نہیں کہ کسی کے گھر پر جاکر حملہ کردیں، شہداء کے مجسموں کو نیچے گرایا گیا، 9 مئی کو دفاع کے سب سے بڑے دفتر پر حملہ کیا گیا، ایسا کرنے والے کو تو پھر سزا ملے گی، اب کہا جارہا ہے ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف کارروائیاں ہورہی تھیں، ہم نے تو کسی پر حملہ نہیں کیا تھا، شہبازشریف نے اسمبلی میں ان کو کہا تھا آپ وزیراعظم بن گئے ہیں مبارک ہو، شہبازشریف نے ان کو کہا تھا آئیں بیٹھیں اور ملک کیلئے بات کریں، ان کا آگے سے یہی جواب تھا میں نے تمہیں نہیں چھوڑنا۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں ہم کہہ رہے تھے مسلم لیگ ن ملک کو ترقی کی جانب لیکر جائے گی، اب ہم کہہ رہے ہیں ملک کو بحرانوں سے بچائیں گے، گزشتہ حکومت نے ملک کی ترقی میں حصہ نہیں لیا، وہ ان پونے 4 سالوں میں ملک میں بحران لیکر آئے، آج عام آدمی کی زندگی مشکل نہیں ناممکن ہوگئی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کی وجہ سے بجلی، گیس کے بل ادا کرنے مشکل ہوگئے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر آپ نے ہم پر اعتماد کیا تو ملک کو ان بحرانوں سے نکالیں گے، ہم عام آدمی کی انکم میں اضافہ کریں گے، ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لیکر جائیں گے، تمام ورکرز حلقوں میں ذاتی اختلافات کو دوماہ کیلئے ایک سائیڈ پر رکھ دیں، پچھلی بار بھی اس حلقے سے 85 فیصد ووٹ ہمیں پڑا تھا۔

مصنف کے بارے میں