کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے 2 رہنماؤں نے عہدہ ملنے کے صرف 24 گھنٹوں میں ہی پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے گزشتہ روز علی جونیجو کو نائب صدر اور حلیم عادل شیخ کو نائب صدر منتخب کیا تھا تاہم دونوں رہنماؤں نے استعفیٰ دیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماءذاتی وجوہات کے باعث مستعفی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علی جونیجو کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات و مصروفیات کے باعث استعفیٰ دے رہا ہوں جبکہ حلیم عادل شیخ نے استعفے میں اپوزیشن لیڈر ہونے اور مصروفیت کا عذر پیش کیا۔
علی جونیجو گونر سندھ کے مشیر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنے استعفے میں بطور کارکن کام کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سندھ میں صوبائی کابینہ اور ڈویژن کے عہدیداران کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے صوبائی کابینہ اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے ڈویژنل عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔