اسلام آباد : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے نئے چینی سال کی آمد پر چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گھوڑے کا سال توانائی، ترقی اور استقامت کی علامت ہے۔ صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ 2026 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی، اور دونوں ممالک کی دوستی ہر موسم کی آزمودہ اور فولادی ہے۔
صدر مملکت نے چین کی ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر چین کی اصولی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ماؤ کی تاریخی ملاقات کو پاک چین تعلقات کی ایک اہم علامت قرار دیا۔ مزید یہ کہ انہوں نے چینی صدر کی قیادت میں چین کے عالمی امن و ترقی میں کردار کو سراہا اور شنگھائی تعاون تنظیم میں چین کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔ پاک چین دفاعی و سلامتی تعاون کو علاقائی استحکام کے لیے ضروری بتایا۔
صدر زرداری نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ کا ایک انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگلے مرحلے میں مشترکہ خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے چینی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے "گونگ شی فا ثائے، شن نیان کوائیلا" کے الفاظ میں خوشی اور کامیابی کی خواہش کی۔
اس سے قبل، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی چین کے نئے سال پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو نیک خواہشات پیش کیں۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ چینی عوام اور صدر شی جن پنگ کو خوشیوں بھرا نیا سال مبارک ہو، اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیر اعظم نے چینی عوام کی صحت، کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا تعلق ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور آئندہ بھی مزید مستحکم ہوگا۔