Get Alerts

چترال کی وادی کالاش میں سرمائی کھیلوں کا آغاز

چترال کی وادی کالاش میں سرمائی کھیلوں کا آغاز

کالاش : چترال کی وادی کالاش کے گاؤں شیخاندہ بمبوریت میں دو روزہ مقامی سرمائی کھیلوں کے میلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ میلہ لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہا ہے اور علاقے کی منفرد ثقافت اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کی ایک اہم کاوش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

میلے میں نسل در نسل منتقل ہونے والے روایتی کھیل پیش کیے جا رہے ہیں، جن کی آج بھی مقبولیت برقرار ہے۔ شائقین نے بزکشی کے دلچسپ مقابلوں کا لطف اٹھایا، جبکہ مقامی کھیل 'ہِم غال' (برفانی پولو) اور روایتی کُشتی کے مقابلے بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

مقامی کھلاڑیوں نے ان قدیم کھیلوں میں اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور سیاحوں کو ہندوکش کی قدیم کھیلوں کی روایت دکھائی۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد عیسیٰ خان نے بتایا کہ ان کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے، اور ساتھ ہی اپنی قدیم روایات کو زندہ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کھیلوں کے انعقاد سے نہ صرف چترال کی تاریخ محفوظ ہو رہی ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ مل رہا ہے، اور دنیا کو کالاش قوم کی مہمان نوازی دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔

انتظامیہ نے میلے کے لیے سٹیج، تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ میلے میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد سے مقامی گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں اور دستکاری کی دکانوں سمیت دیگر کاروباروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

ٹیگز: