وہاڑی : صدر مملکت آصف علی زرداری نے وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ایک سوچ پر حکومت بنائی ہے" اور یہ کہ وہ شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ چلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "عمران خان کے دور میں حکومت فیض حمید نے کی" اور کے پی حکومت کو "مار کٹائی پر اتری ہوئی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ملک 4 سال رکا رہا، کوئی کام نہیں ہوا" اور بانی پی ٹٰی آئی کی سیاست کو صرف "بھاشن دینے" تک محدود رکھا گیا تھا۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے بلوچستان کے عوام کی مشکلات کو سمجھا اور وہ ہمیشہ بلوچ عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے فیض حمید کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ "فیض حمید کو کیا پتہ کہ کیسے حکومت کرنی ہے اور لوگوں کو ریلیف دینا ہے؟"
صدر مملکت نے جیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اگر جیل نہیں کاٹ سکتے تو کوئی آسان کام کرلیں" اور انہوں نے اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ جیل سے باہر آئے تو ان کے بچے ان سے بھی بڑے ہو چکے تھے۔
زراعت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "زراعت ہی مسائل کا حل ہے" اور انہوں نے سندھ میں زرعی زمین کی آبادکاری اور گندم کی قیمتوں پر لیول پلیئنگ فیلڈ بنانے کا ذکر کیا۔ آصف علی زرداری نے سندھ میں مینگروز کے درختوں کی کاشت کے منصوبے کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ "ہم نے ایک ملین ہیکٹر سے زیادہ مینگروز لگائے۔"
انہوں نے سندھ کے پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب کو 30 سال سے کہہ رہا ہوں کہ اپنا پانی راوی سے نکالیں، ہمیں پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہوگا۔"
انہوں نے کہا کہ "پاکستان بنانے میں سندھ سب سے آگے تھا" اور اس بات کو یاد دلایا کہ سندھ اسمبلی نے پاکستان کے حق میں پہلے قرارداد منظور کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "بینظیر انکم سپورٹ کارڈ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بنایا گیا" اور سندھ میں زمینوں کی تقسیم اور خواتین کو مالکانہ حقوق دینے کے عمل کا ذکر کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ وہ اپنے کسانوں کے ساتھ ہیں اور کسانوں کے حقوق کے دفاع کے لیے ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم دنیا میں کاربن کریڈٹس فروخت کر رہے ہیں" اور 10 سال سے اس پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہے۔
کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے شہر کی آلودگی، پانی کی کمی اور خراب راستوں کو بڑے مسائل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "سندھو پر 9 پل بنوا چکا ہوں" اور سندھ میں ڈاکو راج کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب تک سندھ پولیس ڈاکوؤں سے لڑتی رہی ہے۔"