کراچی/لاہور : مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں کو اچانک بریک لگ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں ایک ہی دن میں 9 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونے کی قیمت ریکارڈ سطح سے نیچے آگئی ہے۔
آج ہونے والی کمی کے بعد سونے کی قیمتیں درج ذیل سطح پر بند ہوئیں۔ فی تولہ (24 قیراط): 9 ہزار روپے کی کمی کے بعد قیمت 5 لاکھ 14 ہزار 762 روپے مقرر کی گئی۔ 10 گرام (24 قیراط): 7 ہزار 716 روپے کی کمی کے بعد قیمت 4 لاکھ 41 ہزار 325 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ قیمتوں میں گراوٹ کا یہ سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے جب فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 200 روپے کی کمی ہوئی تھی۔ دو روز کے دوران سونا مجموعی طور پر 12 ہزار 200 روپے سستا ہو چکا ہے۔
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اس بڑی کمی کی وجہ عالمی منڈی میں قیمتوں کا تیزی سے گرنا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں فی اونس سونا 90 ڈالرز کی بڑی کمی کے بعد 4920 ڈالرز کی سطح پر آگیا ہے۔