الیکشن کمیشن نے شہباز گل کے دھاندلی سے متعلق الزامات کو غلط قرار دیدیا

الیکشن کمیشن نے شہباز گل کے دھاندلی سے متعلق الزامات کو غلط قرار دیدیا

لاہور: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشہباز گل کی جانب سے مظفر گڑھ میں 2 پولنگ سٹیشنز پر دھاندلی کے الزامات کو غلط قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے شہباز گل کے الزامات پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مظفر گڑھ میں پولنگ سٹیشن نمبر 44 اور 46 سے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالنے کا الزام غلط اور بے بنیاد ہے، خواتین پولنگ سٹیشن پر خواتین اور مرد پولنگ سٹیشن پر مرد پولنگ ایجنٹ بیٹھتے ہیں۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو بیٹھنے کی اجازت ہے جبکہ بغیر تصدیق کے الزامات لگا کر پولنگ کا عمل متنازع نہ بنایا جائے۔ 
دوسری جانب متعلقہ ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ پولنگ سٹیشن نمبر 44 پر پی ٹی آئی کا پولنگ ایجنٹ امیر بخش موجود ہے جبکہ پولنگ سٹیشن نمبر 46 پر پی ٹی آئی کا کوئی پولنگ ایجنٹ نہیں پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مظفر گڑھ میں ہمارے امیدوار معظم جتوئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن 44 اور 46 سے باہر نکال دیا گیا۔ 
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو خالی ڈبے اور بیلٹ پیپر چیک نہیں کرنے دئیے گئے، فارم 46 شفافیت ختم کر دی گئی، اب ہمیں پتہ نہیں اس پولنگ سٹیشن پر کتنے جعلی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا۔‘ 

96b599c5595f38894c477d66162ad623

مصنف کے بارے میں