لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم انصاف کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انصاف کے بغیر کسی قوم کی تقدیر روشن نہیں ہو سکتی۔
مریم نواز نے انصاف کو وہ روشنی قرار دیا جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے اور جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے، وہاں ظلم کی تاریکی پورے معاشرے کو گھیر لیتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ناانصافی نہ صرف فرد کو توڑتی ہے بلکہ پورے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے، جہاں ناانصافی ہوتی ہے وہاں بداعتمادی، نفرت، فتنہ اور انتشار جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر سطح پر انصاف اور مساوات کو اپنی پالیسیوں کا مرکزی ستون سمجھتی ہے اور اس حوالے سے سی سی ڈی اور پیرا جیسے ادارے قائم کیے گئے ہیں تاکہ ہر فرد کو اس کا جائز حق بلا امتیاز فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب انصاف کے قیام کو اپنی اولین ترجیح اور عہد سمجھتی ہے کیونکہ انصاف کے بغیر ترقی، تعلیم، صحت اور خوشحالی سب ادھورے خواب بن جاتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ معاشرتی انصاف کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ انصاف وہ روشنی ہے جو پنجاب کے ہر شہری کی زندگی کو روشن کر سکتی ہے۔