Get Alerts

مزاحیہ اداکاری کے بے تاج بادشاہ البیلا کو مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے

مزاحیہ اداکاری کے بے تاج بادشاہ البیلا کو مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے

لاہور: پاکستان کے نامور مزاحیہ اداکار البیلا کو ہم سے بچھڑے آج 21 سال مکمل ہو گئے، لیکن ان کی اداکاری اور مزاح آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

1941ء میں گوجرہ میں پیدا ہونے والے اختر حسین نے "البیلا" کے نام سے شہرت حاصل کی اور پاکستانی سٹیج، فلم اور ٹی وی پر ایک منفرد مقام بنایا۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1970 کی دہائی میں لاہور سے کیا۔ سٹیج پر مزاحیہ اداکاری کے ذریعے وہ عوام کے دلوں میں گھر کر گئے، اور پھر فلمی دنیا میں بھی اپنی پہچان بنائی۔

البیلا نے پنجابی ڈرامے "اک سی بادشاہ" میں اکبر اعظم کا کردار نبھایا جو مغلیہ دور کی مشہور کہانی "انارکلی" کی مزاحیہ پیروڈی تھی۔ اس ڈرامے میں شہزادہ سلیم کا کردار معروف فنکار امان اللہ نے ادا کیا، اور دونوں کی جوڑی نے بعد میں سٹیج پر خوب مقبولیت حاصل کی۔

اپنے کیریئر کے دوران البیلا نے دو سو سے زائد فلموں میں کام کیا، لیکن فلم "وارداتیا" میں انہوں نے واحد بار مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کا شمار لاہور کے کمرشل تھیٹر کے سب سے پسندیدہ فنکاروں میں ہوتا تھا۔

17 جولائی 2004ء کو وہ دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔ لیکن ان کے جملے، مکالمے اور برجستہ مزاح آج بھی لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں۔

ٹیگز: