بغداد/الکوت : عراق کے شہر الکوت میں واقع ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد جاں بحق ہو ئے ہیں، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی ہے۔
گورنر محمد المیاحی کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ شاپنگ سینٹر کا بیشتر حصہ جل کر خاکستر ہو گیا۔ گورنر نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، کیونکہ ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا امکان ہے۔
شاپنگ سینٹر میں ایک ریستوران بھی موجود تھا، جہاں آگ لگنے کے وقت درجنوں شہری کھانے کے لیے موجود تھے۔ عمارت کے مالک پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور گورنر نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں جو بھی قصوروار پایا گیا، اس کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق آتشزدگی کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ دو روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاپنگ سینٹر کی عمارت پوری طرح شعلوں میں لپٹی ہوئی ہے اور دور دور تک دھوئیں کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔