Get Alerts

ایما واٹسن پر تیز رفتاری کا الزام، چھ ماہ کی ڈرائیونگ پابندی اور بھاری جرمانہ

ایما واٹسن پر تیز رفتاری کا الزام، چھ ماہ کی ڈرائیونگ پابندی اور بھاری جرمانہ

لندن:برطانیہ کی عدالت نے معروف ہالی ووڈ اداکارہ ایما واٹسن پر تیز رفتاری کا جرم ثابت ہونے پر چھ ماہ کے لیے گاڑی چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جب کہ ان پر 1,044 پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، ایما واٹسن کو آکسفورڈ کے ایک علاقے میں 30 میل فی گھنٹہ کی مقررہ حد کے بجائے 38 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹریفک کیمرہ نے ریکارڈ کیا۔یہ واقعہ حالیہ ہفتوں میں پیش آیا، جس کے بعد مقدمہ عدالت میں پہنچا۔

عدالت میں ایما واٹسن خود پیش نہیں ہوئیں، تاہم ان کی نمائندہ قانونی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ اداکارہ جرمانہ ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ عدالت نے موجودہ اور ماضی کی خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ڈرائیونگ سے عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ سنایا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ اداکارہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہو۔ گزشتہ سال جولائی میں بھی ایما واٹسن تیز رفتاری کے باعث جرمانہ ادا کر چکی ہیں، اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس پر پہلے ہی نو پوائنٹس درج تھے، جو اس حالیہ خلاف ورزی کے بعد مکمل ہو گئے۔

یاد رہے کہ ایما واٹسن نے 2001 میں "ہیری پوٹر" فلم سیریز سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔
وہ آخری مرتبہ 2019 کی فلم "لٹل ویمن" میں نظر آئیں، جبکہ 2023 میں انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ ایک فیشن برانڈ بھی لانچ کیا تھا۔

ٹیگز: