امریکا : دنیا کے 43 ممالک میں ایک ہی روز کے دوران مجموعی طور پر 31 ہزار سے زائد مربوط اسکائی ڈائیوز انجام دے کر ایک دن میں سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ اسکائی ڈائیوز کا نیا عالمی اعزاز حاصل کر لیا گیا۔
ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر منعقد ہونے والی اس عالمی سرگرمی کا مشترکہ اہتمام امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے کیا۔
منتظمین کے مطابق ایک ہی دن میں مجموعی طور پر 31 ہزار 75 اسکائی ڈائیوز ریکارڈ کی گئیں، جس کے ساتھ 2024 میں قائم ہونے والا 30 ہزار 351 اسکائی ڈائیوز کا سابقہ عالمی ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
ایونٹ میں نئے اور تجربہ کار دونوں طرح کے اسکائی ڈائیورز نے بھرپور شرکت کی، جن میں پہلی مرتبہ ٹینڈم جمپ کرنے والے افراد بھی شامل تھے۔
امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برچٹولڈ کا کہنا تھا کہ عالمی ریکارڈز اسی لیے قائم کیے جاتے ہیں تاکہ مستقبل میں انہیں مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے مختلف ڈراپ زونز پر پہنچ کر اسکائی ڈائیونگ کے کھیل کو بھرپور انداز میں منایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نئی کامیابی اسکائی ڈائیونگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے، جس نے نہ صرف نئے شوقین افراد کو اس کھیل کی جانب راغب کیا بلکہ ان تجربہ کار اسکائی ڈائیورز کے جذبے اور لگن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اس کھیل سے اپنی غیرمعمولی وابستگی کا مظاہرہ کیا۔