برج ٹائون :ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راؤنڈر اور سابق کپتان سر گارفیلڈ سوبرز، المعروف سر گیری سوبرز، 89 برس کی عمر میں چل بسے۔ دنیائے کرکٹ نے ایک ایسے کھلاڑی کو کھو دیا ہے جنہیں تاریخ کے مکمل ترین آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
سر گیری سوبرز نے اپنے شاندار کیریئر میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور کرکٹ کی دنیا میں انمٹ نقوش چھوڑے۔
انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، 8 ہزار 32 رنز اسکور کیے اور 235 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے نام 26 ٹیسٹ سنچریاں بھی درج ہیں۔1958ء میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سر گیری سوبرز نے 365 رنز ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز کھیلی، جو طویل عرصے تک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ رہی۔
سر گیری سوبرز نے 1968ء میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھ چھکے لگا کر منفرد اعزاز حاصل کیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز تھے۔
سابق کپتان کی حیثیت سے انہوں نے 1965ء سے 1972ء تک ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت کی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ٹیم کو عالمی کرکٹ میں مضبوط مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کرکٹ میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں 1975ء میں انہیں "سر" کا خطاب دیا گیا، جبکہ انہیں وزڈن کے صدی کے بہترین پانچ کرکٹرز میں بھی شامل کیا گیا۔
سر گیری سوبرز کے انتقال پر کرکٹ کی عالمی برادری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔