معاشی تباہی کا سہرا مپورٹڈ حکومت کے سر، وزیر خزانہ مہنگائی کا چوتھا ٹیکہ لگانے والے ہیں: شیخ رشید

معاشی تباہی کا سہرا مپورٹڈ حکومت کے سر، وزیر خزانہ مہنگائی کا چوتھا ٹیکہ لگانے والے ہیں: شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈالر 210 پر آ گیا ہے اور وزیر خزانہ مہنگائی کا چوتھا ٹیکہ لگانے والے ہیں، معاشی تباہی کا سہرا امپورٹڈ حکومت کے سر جاتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’اگر شام سات بجے مارکیٹیں اور دکانیں بند کی گئیں تو دکاندار بھی بھوکے مریں گے۔ معاشی تباہی کا سہرا امپورٹڈ حکومت کے سر جاتا ہے۔ امریکی ایمبیسڈر آ چکا ہے اور چین کا ایمبیسڈر جا چکا ہے۔ ہندوستان میں مسلمانوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں اور امپورٹڈ حکومت ہندوستان کے ساتھ تجارت کرنے جا رہی ہے۔‘ 


شیخ رشید نے لکھا ’وزیر خزانہ مہنگائی کا چوتھا ٹیکہ لگانے والے ہیں۔ ڈالر 210 پر اور حوالہ 220 پر آ گیا ہے۔ جس دن ان کے کیس ختم ہو گئے یہ الیکشن کی طرف جائیں گے۔ ایک درجن جماعتیں عوام کی نظروں سے گر گئی ہیں۔ اکیلا عمران خان عوام کے دلوں پر چھا گیا ہے۔ لندن خفیہ معاہدے کے تحت نواز شریف پاکستان نہیں آ رہے۔‘ 


انہوں نے مزید لکھا ’امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے۔ یہ چوروں کی بیٹھک سجائی گئی ہے جس کو عوام میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔ یہ 1 درجن پارٹیاں اپنی سیاسی قبر خود کھود رہی ہیں۔ عوام ان کے چہرے دیکھ کر ٹی وی چینل بدل دیتے ہیں۔ اتوار کی شام 9 بجے عمران خان کی کال پر لال حویلی ان کا خطاب سنیں گے۔‘ 

مصنف کے بارے میں