Get Alerts

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت کے درمیان ورچوئل ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق اس ملاقات میں امریکی ٹیرف سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے اور تکنیکی سطح پر مزید بات چیت کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

ورچوئل ملاقات کے دوران پاکستانی وفد نے امریکی مارکیٹ تک بہتر رسائی کی ضرورت اور برآمدات کے فروغ پر زور دیا، جبکہ امریکی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر دلچسپی ظاہر کی۔

ادھر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں "نیشنل ورکشاپ آن ٹرانزیشننگ ٹو ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن اسکیمز" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں پاکستان ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی ہے تاکہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی، مالیاتی استحکام اور اثاثہ جات کی قیمتوں پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں اور ٹیکس نظام میں بنیادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے تاکہ معیشت کو زیادہ مسابقتی بنایا جا سکے اور برآمدی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پنشن کی ادائیگیاں ایک کھرب روپے سے تجاوز کر چکی ہیں، جو وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہیں۔ اس لیے حکومت پنشن کے نظام کو بتدریج ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن اسکیم کی طرف منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت قرضوں کی ادائیگی کی لاگت کو کم کرنے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مالیاتی بوجھ کو کم کر کے ترقیاتی شعبوں پر زیادہ وسائل خرچ کیے جا سکیں۔

ٹیگز: