Get Alerts

نیا اینڈرائیڈ 17 آپریٹنگ سسٹم مارکیٹ میں متعارف

نیا اینڈرائیڈ 17 آپریٹنگ سسٹم مارکیٹ میں متعارف

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے نئے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 17 کو باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔

یہ نیا سسٹم سب سے پہلے گوگل کے اپنے پکسل اسمارٹ فونز میں پیش کیا گیا ہے، تاہم اس کے متعدد فیچرز آئندہ چند ماہ میں دیگر ڈیوائسز کے لیے بھی جاری کیے جائیں گے۔

گوگل کے مطابق اس آپریٹنگ سسٹم میں جیمنائی انٹیلی جنس، انٹیلی جنٹ آٹو فل اور دیگر جدید اے آئی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ان فیچرز کا اعلان مئی 2026 میں ہونے والی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اینڈرائیڈ 17 میں ملٹی ٹاسکنگ کے تجربے کو بہتر بنایا گیا ہے۔ پرانے اینڈرائیڈ ورژنز میں میسجنگ ایپس کے لیے ببل فیچر موجود تھا، تاہم اب یہ سہولت تمام ایپس کے لیے دستیاب ہوگی۔ صارف ہوم اسکرین پر کسی بھی ایپ کو دیر تک دبانے سے اس کا فلوٹنگ ببل حاصل کر سکیں گے، جس کے ذریعے وہ ایپ ایک چھوٹی ونڈو میں کھولی جا سکے گی۔

نئے آپریٹنگ سسٹم میں سیکیورٹی اور پرائیویسی کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ اب صارفین ایپس کو مستقل کے بجائے عارضی لوکیشن تک رسائی دے سکیں گے، جبکہ شیئرنگ کے لیے بھی مزید کنٹرولز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ “فائنڈ ہب” میں مارک ایز لوسٹ فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے، جس کے تحت فون چوری ہونے کی صورت میں اسے کھولنے کے لیے بایومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ فراڈ سے بچاؤ کے لیے لائیو تھریٹ ڈیٹیکشن فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

گوگل نے بتایا ہے کہ نئے سسٹم میں جیمنائی انٹیلی جنس ایک مرکزی کردار ادا کرے گی، جو صارف کی عادات کو سمجھ کر مختلف کام خودکار انداز میں انجام دے سکے گی۔ یہ ایجنٹک اے آئی سسٹم مزید جدید صلاحیتوں سے لیس ہوگا۔

اینڈرائیڈ 17 میں میٹریل ڈیزائن کے نئے ورژن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جس میں اے آئی کی مدد سے انٹرفیس، بیک گراؤنڈ اور سرفیس ڈیزائن کو زیادہ جدید بنایا گیا ہے۔

مزید برآں، “کروم آٹو براؤز” فیچر آئندہ جون کے آخر میں دستیاب ہوگا، جس کے ذریعے جیمنائی پارٹی پلاننگ، اپائنٹمنٹس اور دیگر روزمرہ کاموں میں مدد فراہم کرے گا۔

انٹیلی جنٹ آٹو فل فیچر کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے جیمنائی پاسپورٹ یا لائسنس نمبر جیسی پیچیدہ معلومات مختلف ایپس اور کروم میں ایک کلک کے ذریعے بھر سکے گا۔

اسی طرح اینڈرائیڈ 17 میں ڈیوائس سوئچنگ کو بھی آسان بنایا گیا ہے، جس کے تحت آئی فون سے اینڈرائیڈ پر ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے ہوم اسکرین پر شارٹ کٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
 
 
 

ٹیگز: