ایران نے نئے فوجی اڈے کا افتتاح کردیا

ایران نے نئے فوجی اڈے کا افتتاح کردیا

تہران: ایران نے نئے فوجی  اڈے  "میزائل سٹی" کا افتتاح کردیا ہے ۔

ایران کا فوجی طاقت دکھانے کیلئے منفرد اقدام ، میزائل سٹی کے نام سے خفیہ فوجی اڈہ قائم کر لیا ۔ افتتاحی ویڈیو میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا بڑا ذخیرہ دکھایا گیا ہے ۔ جنگوں میں استعمال ہونے والے الیکٹرانک آلات بھی رکھے گئے ہیں ، ائیر ڈیفنس سسٹم اور ٹینک شکن میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی ہے ۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کسی کیخلاف جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن ملکی دفاع کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی بحری جہاز کے قریب ایک خوفناک دھماکہ کروایا گیا ، دھماکہ کا الزام نیتن یاہو نے ایران پر لگاتے ہوئے کہا کہ تہران کو اس قسم کی جارحیت سے بعض رہنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران کی طرف سے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تہران کی طرف سے اسرائیل کے بحری جہاز کو دھماکے سے اُڑانے کی ناکام کوشش کی گئی ، انہوں نے بتایا کہ جہاز کے ایک حصے کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے ، بحری جہاز کو مرمت کرنے کیلئے دبئی پورٹ پر لیجایا گیا جبکہ حکام کا کہنا ہے دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

واضح رہے اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع بھی بحری جہاز کے قریب ہونے والے دھماکے کا الزام ایران پر لگا چکے ہیں ۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دھماکے سے متعلق اب تک کوئی شواہد فراہم نہیں کیے ۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتاچلا ہے کہ اس کا ذمہ دار ایران ہے جب کہ اقوام متحدہ اور امریکا کے لیے اسرائیل کے سفیر نے بھی ایران پر دھماکے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے خطے میں سکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے ۔