محترمہ فرحت جبیں کی بطور ڈی جی پی آر تعیناتی

محترمہ فرحت جبیں کی بطور ڈی جی پی آر تعیناتی

انفارمیشن گروپ کی سینئر افسر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن انفارمیشن و کلچر ڈیپارٹمنٹ پنجاب محترمہ فرحت جبین صاحبہ نے حکومت پنجاب کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب کی اضافی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔
محترمہ فرحت جبیں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔اپنی تعلیم پنجاب یونیورسٹی سے مکمل کی اور 31 ویں سول سروس کمشن سے امتحان پاس کر کے گورنمنٹ سروس میں آئیں۔ انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، وزیر اعظم سیکریٹریٹ، واپڈا ہاؤس، شعبہ تعلیم اور سیاحت اور اطلاعات و ثقافت کے شعبوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے۔ انہیں انفارمیشن اور کلچر ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور سیکریٹ سروس کیساتھ ساتھ میڈیا مینجمنٹ اور کمیونی کیشن میں بھی خصوصی مہارت کی حامل ہیں۔انہی خصوصیات کی بنا پر انہیں ڈی جی پی آر کی اضافی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئی ہیں۔
محترمہ فرحت جبیں  ملنسار،مستعد، ذہین، فعال اور اپنے کام سے انتہائی لگاؤ رکھنے والی خاتون ہیں۔عوام الناس کی خدمت کے جذبے سے سرشار اپنے ادارے میں انتہائی سرگرم افسر ہیں۔ انہیں جس بھی عہدے پر تعینات کیا گیا انہوں نے اپنی خدمات کو نہایت جانفشانی سے ادا کیا۔
اس سے قبل محترمہ فرحت جبیں صاحبہ کو الحمراء آرٹس کونسل کے ایگزیکٹوڈائریکٹر کی اضافی ذمہ داری دی گئی تھی اس دوران انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقات میں الحمرا ء کے زیر انتظام ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے جلد دوبارہ آغاز کے لئے عملہ کو تیار رہنے کی ہدایات کیں۔ان کا کہناتھا کہ آج کل عوام جس ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اس ماحول میں ہلکی پھلکی سرگرمیاں ہی ذہنی آسودگی کا باعث بنیں گی۔الحمراء کے پروگرام عوام کو کورونا کے نفسیاتی اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔ ان دنوں کورونا کی وجہ سے الحمراء میں سرگرمیاں بند تھیں اور بہت محدود سطح پر پروگرام ہورہے تھے۔ محترمہ  نے الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے اساتذہ و نوجوان آرٹسٹوں کو کورونا ویکسی نیشن کرانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ڈائریکشن کے مطابق ادارہ کی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے۔کیونکہ یہ ضروری ہے کہ الحمراء کی سرگرمیوں کی بحالی پر حکومتی جاری کردہ کورونا کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ نہ صرف الحمراء کا عملہ بلکہ آنے والے عوام بھی کورونا حفاظتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بے خوف یہاں آئیں اور ثقافتی پروگراموں سے لطف اٹھائیں۔ 
محترمہ فرحت جبیں کا کہنا ہے کہ آرٹ اینڈ کلچر کے میدان میں ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جومستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ آرٹ،موسیقی، ڈرامہ و ادب کے فروغ کے لئے ہمارا ہوم ورک مکمل ہے۔
بطورایڈیشنل سیکرٹری ثقافت محترمہ فرحت جبیں نے پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بڑی محنت سے تقریباً سو سے زائد ادبی و ثقافتی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر 47 تنظیموں کا انتخاب کیا۔ اس سلسلے میں ان کی آڈٹ رپورٹ، ویب سائٹ اور متعلقہ سرگرمیوں کاجائزہ لیا اور نہایت شفاف طریقے سے میرٹ کے مطابق ادبی و ثقافتی تنظیموں کی مالی امداد کیلئے چیک دیے تھے۔ 
عوام تک بروقت درست اطلاعات کی فراہمی کیلئے ڈی جی پی آر آفس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ڈی جی پی آر کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ ڈی جی پی آر کے شعبہ اشتہارات و شعبہ پریس لاز کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا اور محکمہ کیلئے پی آر مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیا جائے گا۔  ایس پی ایل اور آئی پی ایل اشتہارات کے ریلیز آرڈرز 24 گھنٹے میں پورٹل پر اپڈیٹ کئے جائیں گے۔ 
 امید ہے محترمہ فرحت جبیں صاحبہ بھی اسی جذبے کو برقرار رکھ کرموجودہ تعیناتی کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گی کیونکہ وہ خود بھی کہتی ہیں کہ میں ہر ذمہ داری کو چیلنج سمجھ کر نبھاتی ہوں۔ویسے بھی  ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ان کے لئے نئی جگہ نہیں ہے۔ وہ عرصہ دراز سے محکمہ اطلاعات وثقافت سے منسلک ہیں اور انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔